کاروار،2؍دسمبر (ایس او نیوز) الیکشن کمیشن کی طرف سے گرام پنچایت انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی ایک طرف دیہی علاقوں میں ہر طرف انتخابی بخار بڑھنےلگا ہے تو دوسر ی طرف ضلع انتظامیہ نے بھی اپنی کمر کستے ہوئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ22اور27دسمبر کو دو مرحلوں میں گرام پنچایتوں کے انتخابات جو ہونے والے ہیں اس کے لئے متعلقہ علاقوں کی تعلقہ انتظامیہ نے ضروری تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔سب سے پہلے الیکٹورل آفیسر کے طور پر ریوینیو آفیسرس (آر او) کوتحصیل کی سطح پر تربیت دی گئی ہے۔اب ہم بھی آئندہ ہفتے میں ضلع سطح پر تربیتی پروگرام منعقد کرنے والے ہیں۔ضلع انتظامیہ نے پوری تیاریاں کرلی ہیں۔
ضلع انتظامیہ کی طرف سے ملی تفصیلات کے مطابق شمالی کینرا میں گرام پنچایت الیکشن کے لئے 865329ووٹرس ہیں جن کے لئے 1394پولنگ بوتھس بنائے جائیں گے۔ پرامن طریقے سے انتخابات کی تکمیل کے لئے 5000 سے زیادہ پولیس عملہ کو تعینات کیا جائے گا۔231الیکٹورل آفیسر ، 240اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسر اور ہر ۱۰ تا ۱۵پولنگ بوتھس کے لئے ایک سیکٹر آفیسر تعینات رہے گا۔اس کے علاوہ کووڈ وبا کے پس منظر کو دیکھتے ہوئے ہیلتھ ریگیولیٹرس کے طور محکمہ صحت کےا فسران، اسسٹنٹ نرسس ،آشا اور آنگن کارکنان وغیرہ کو تعینا ت کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 22دسمبر کوپہلے مرحلے میں ساحلی علاقے کے پانچ تعلقہ جات میں آنے والے 105گرام پنچایتوں کا انتخاب ہوگا۔جبکہ27دسمبر کو دوسرے مرحلے میں بقیہ 7تعلقہ جات کے 126گرام پنچایتوں میں انتخابات ہونگے۔